خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیوسٹاک اور ماہی پروری محب اللہ خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی عمل کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ کے لیے ایسی منصوبہ بندی اپنائی جائے جس کی بدولت زمینداروں اور کسانوں کی مشکلات کم ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک محمد کبیر خان آفریدی، چیف پلاننگ آفیسر منتظر شاہ ،ڈی جی لائیوسٹاک ( توسیع) و فوکل پرسن محکمہ زراعت ڈاکٹر شیر محمد ، ڈی جی زراعت ( توسیع) رحمت الدین، ڈی جی لائیوسٹاک ریسرچ ڈاکٹر مرزا علی خان، ڈی جی فشریز خسرو کلیم، ڈی جی سائل کنزرویشن یاسین خان، ڈی جی زرعی ریسرچ ڈاکٹر عبدالرو¿ف ، ڈی جی واٹر منیجمنٹ جاویداقبال، ڈائریکٹر ایگریکلچر انجنئرنگ محمود جان بابر ،ڈائریکٹر شماریات سمیع اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر تفصیل سے غور وخوض ہوا ۔ صوبائی وزیر نے مجموعی لحاظ سے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے صوبے اور خاص کر ضم شدہ اضلاع کی ترقی پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران ملازمین کی تعیناتی و تبدیلی پالیسی اور میرٹ کے مطابق کرنے سمیت دیگر امور پر بھی غور وخوص ہوا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ درپیش مشکلات کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ انہیں وقت پر حل کیا جا سکے۔