خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان کے زیر صدارت ضلع پشاور کے تعمیراتی کاموں، جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان خان، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش، ضلع پشاور کے تمام ممبران صوبائی اسمبلی اور محکمہ مواصلات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مواصلات کی طرف سے پشاور شہر میں جاری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔ وزیرمواصلات نے کہا کہ تمام صوبائی ممبران اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں محکمہ مواصلات سے رابطہ کیا جائے۔ کوالٹی اور کام کی بروقت تکمیل ہماری ترجیحات میں ہیں جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ مختلف اسکیموں کے لئے فنڈز کی منظوری اور اجراء کے لیے بھی وزیراعلی صاحب سے بات کی جائے گی تاکہ عوامی مسائل بروقت حل ہو سکیں۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی کامران خان بنگش نے اپنے حلقے میں جاری منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ زریاب کالونی سکول اور دیگر تعلیمی اداروں بشمول مختلف سڑکوں اور سی اینڈ ڈبلیو کے زیرانتظام منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ جس کے لیے وزیر مواصلات اکبر ایوب خان نے محکمہ مواصلات کو ہدایات جاری کیے،جبکہ محکمہ مواصلات نے بتایا کہ کامران خان بنگش کے حلقے میں جتنے بھی پرانے اسکیمیں ہیں ان پر پہلے سے کام جاری ہوچکا ہے۔ اکبر ایوب خان نے تمام ڈی ایف سی سکیموں کو جون سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کیے وزیرمواصلات نے تمام ممبران کو یقین دلایا کہ پشاور شہر کے تمام ممبران کے منصوبوں میں جتنے بھی فنڈنگ کے مسائل ہیں وہ وزیراعلی کے ساتھ زیر بحث لائے جائیں گے تاکہ کام کی بروقت تکمیل اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں فنڈز کا معاملہ آڑے نہ آئے۔ ممبران صوبائی اسمبلی نے پشاور شہر کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیر مواصلات کی خصوصی دلچسپی اور اجلاس منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر مواصلات اور انکی ٹیم کی جاری بہترین کارکردگی کی بدولت پورے صوبے کے مسائل حل ہوں گے اور عوام کو بہترین سہولیات میسر ہوں گی انہوں نے محکمہ مواصلات کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔