ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر سوات میں ملاوٹ کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی فوڈ سیمپلنگ شروع کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں روزانہ کی بنیادوں پر دیہی اور شہری علاقوں سے نمونے لئے جارہے ہیں۔ خوراک کے یہ نمونے ملک کی اعلی اور جدید ترین لیبارٹریز میں روزانہ کی بنیادوں پر بھجوائی جارہی ہیں۔ تاکہ بہترین طریقے سے معیار کی جانچ پڑتال کی جائے اور ملاوٹ مافیا کا قلع قمع کیا جا سکے۔ سوات میں فوڈ اتھارٹی کی طرف سے دو ٹیمیں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ اور انتہائی سائنسی طریقوں سے نمونے لئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اسد قاسم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی یہ دس روزہ مہم دیہی اور شہری علاقوں کی خوراک کا معیار چیک کرکے راست اقدامات اٹھانے کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں گوشت، دودھ، شہد، چائے، مصالحہ جات، خوردنی تیل، گڑ، بیکری، آٹا، اور پانی کے نمونے لئے جارہے ہیں۔ کیونکہ ان اشیاء کا روزانہ کا استعمال بہت زیادہ ہے، اور معیار میں کوئی خرابی عوامی صحت پر بڑا اثر کرنے کا براہ راست ذریعہ ہے۔