وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں ٹوارزم اتھارٹی کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ خیبرپختونخوا ٹوارزم اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی ڈی سی اثاثہ جات کو صوبے کو دینے کی مد میں وفاق کو 10 فیصد لائبلٹیز کے بغیر رقم دینے سے بھی اُصولی اتفاق کیا ہے ۔ اُنہوںنے صوبے میں پی ٹی ڈی سی کے تمام تر اثاثہ جات کو آﺅٹ سورس کرکے نئے ہوٹلز تعمیر کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے محکمہ خزانہ کو111.10 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ فنڈکی فراہمی کو 15 دنوںمیں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی ترجیحی بنیادوں پرکرنے کی ہدایت کی ہے ۔ محمود خان نے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے ہوم سٹیز کا منصوبہ جس پر 500 ملین روپے لاگت آئے گی سے اتفاق کیا ہے ۔ منصوبے کے تحت سیاحتی مقامات میں سیاحوں کے قیام کیلئے 500 کمرے تعمیر کئے جائیں گے جہاں پر تمام بنیادی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبے میں سیاحتی مقاما ت کی تشہیر کیلئے محکمہ اطلاعات کیلئے 500 ملین روپے مختص کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام تر اشتہارات محکمہ اطلاعات کے ذریعے دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا ٹوارزم پولیس کے قیام کیلئے 700 ملین روپے کی فراہمی سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ ٹوارزم پولیس میں کل 500 اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے بارے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ہے ۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون سلطان محمد خان، وزیراطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسفزئی،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری قانون، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹوارزم، ٹوارزم ایڈمنسٹریشن ، ڈی جی محکمہ کھیل و سیاحت و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔