خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت وثقافت عاطف خان نے کہا ہے کہ بچوں میں کتابوں کے حوالے شعور اجاگر کرنے کے لئے ادبی میلے کو باقاعدہ کیلنڈر کا حصہ بنایا جائیگا اسکے علاوہ دیگر مختلف ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا بھی تواتر کیساتھ انعقاد کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور نشتر ہال میں محکمہ ثقافت کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ بچوں کے ادبی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کلچر شمع بی بی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔دو روزہ ادبی میلے میں کثیر تعداد میں مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی، میلے میں کتابوں کے مختلف سٹالز لگائے گئے تھے جسمیں طالبعلموں نے گہری دلچسپی لی اور صوبائی حکومت کی اس کاوش کو خوب سراہا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں امن امان کی صورتحال اب مکمل تسلی بخش ہے، صوبے میں ادبی،ثقافتی سمیت دیگر پروگراموں کا تواتر کیساتھ انعقاد کیا جائیگا،اور بچوں کو کتابوں کی طرف راغب کیا جائیگا، سینئر وزیر نے کہا کہ ادبی پروگراموں کے ذریعے بچوں کو ادب سے روشناس کرائیں گے،انہوں نے کہا کہصوبے کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے بھی بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے، سینئر وزیر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ سیاحت اور ثقافت کو آمدن کے حصول کا بہترین ذریعہ بنایا جائیگا۔دونوں شعبوں کو ترقی دینے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔