خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے نیپال کھٹمنڈو میں کھیلے جانے والے سیف گیمز میں گولڈ اور براونز میڈل جیتنے والے پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کراٹے چیمپئین مراد خان کے لئے 3 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے، سینئر وزیر عاطف خان خود مراد خان کے گھر گئے اور میڈلز جیتنے پر انکو مبارک باد دی،سینئر وزیر نے مراد خان کے والد کی بیمار پرسی بھی کی اور انکے علاج کے لئے ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے مراد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مراد خان نے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے،سینئر وزیر نے کہا کہ مراد خان اور جیسے تمام باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے صوبائی حکومت اگلے مہینے سے ماہانہ اعزازیہ پروگرام کررہی ہے، پروگرام کے تحت خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 20 ہزار، سلور میڈل والے کو 15 ہزار اور براونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 10 ہزار روپے ایک سال تک دیئے جائیں گے، پروگرام کا مقصد کھلاڑیوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے تاکہ کھلاڑی آگے بڑھ کر صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکیں، اسکے علاوہ بین القوامی مقابلوں کے لئے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو صوبائی حکومت سپانسر کریگی سینئر وزیر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے 100 بہترین کوچز بھی بھرتی کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کافی عرصے بعد تمغے آنا شروع ہوگئے ہیں، سینئر وزیر نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم پر ایک ارب 35 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اگلے سال سے پی ایس ایل کے میچز یہاں منعقد کئے جائینگے۔