کے پی فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے بنوں چوک بازار رات گئے غیر معیاری و ملاوٹ شدہ مصالحہ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ سالن مصالحہ میں ملاوٹ کرنے والے رنگوں ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ پانچ ہزار کلوگرام مضر صحت مصالحہ تلف کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان کا کہنا ہے کہ ملاوٹ کا خاتمہ کرنے کیلئے جنگ جاری رہیگی جبکہ مصالحہ میں ملاوٹ کرنے والوں کا قبلہ درست کرنے کیلئے عوامی معلومات کے تحت آپریشنز جاری رہینگے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بنوں ذیشان محسود کے مطابق کاروائی عوامی شکایات کے تحت ملنے والی معلومات پر کی گئی۔ ان کا مزید کہنا ہے ک مصالحہ میں چوکر، بھوسا، نان فوڈ گریڈ کلرز اور خشک آلودہ ٹماٹر ملایا جارہا تھا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کا کہنا تھا کہ بنوں کی عوام کی صحت سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور بنوں کی عوام کو چوکر اور بھوسا کھلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہیگا ہے۔