وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 400 سے زائد ڈاکٹروں کو جلد تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حال ہی میں کنٹریکٹ پر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے جو تعیناتی کے آخری مراحل میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے اپنے دفتر میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم سے صوابی میں طبی عملے کی دستیابی کے حوالے سے جمعرات کے روز ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے عبد الکریم نے وزیر صحت کو ضلع صوابی میں طبی مراکز میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی کے بارے آگاہ کیا اور عملے کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت صوبے میں طبی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے عمل پیرا ہے۔ صوابی سمیت پورے صوبے میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں اور ان سہولیات کو مزید موثر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ400 سے زائد ڈاکٹر بہت جلد ان علاقوں میں تعینات کرینگے جہاں ڈاکٹروں کی کمی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں طبی عملے کی کمی پوری کی جا سکے۔