وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں ای۔پروکیورمنٹ سسٹم کو بہت جلد متعارف کرایا جائے گا۔صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ای۔پروکیورمنٹ سسٹم کی تیاری کے حوالے سے دی جانے والی بریفننگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ یحییٰ اخونزادہ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل، کے پی آئی ٹی بورڈ کے نمائندہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ ادوایات اور طبی مشینری کی خریداری کو شفاف اور کرپشن سے پاک بنانے کے لیے  ای۔پروکیورمنٹ سسٹم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔وزیر صحت نے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ  ای۔پروکیورمنٹ سسٹم کے حوالے سے تمام لوازمات پورے کرکے سیکرٹری ہیلتھ کو رپورٹ جمع کریں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ای۔ پروکیورمنٹ سسٹم سے ادوایات اور دیگر میڈیکل آلات اور مشینری کی خریداری میں شفافیت آئے گی اور کئی گنا کم وقت میں خریداری ممکن ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی اگلی بڈنگ تجرباتی بنیادوں پر ای۔ پروکیورمنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای۔پروکیورمنٹ سسٹم لاگو کرنے سے کرپشن کے ناسور کامکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔