خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ چھانگلہ سے اسلام آباد سڑک کی تعمیر بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے۔ کیونکہ یہ واحد مختصر ترین سڑک ہے جو دارالخلافہ اسلام آباد اور گلیات کو آپس میں ملاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر میں جنگلات کی کٹائی سے بچا جائے اور مقامی لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھانگلہ سے اسلام آباد مکھنیال سڑک کی تعمیر اور ڈیزائن کے حوالے سے منعقد جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم پی اے ایبٹ آباد نذیر احمد عباسی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمدشہاب خٹک، ایکسین ہریپور اور ایکسین ایبٹ آباد موجود تھے۔ ایکسین ایبٹ آباد نے سڑک کی تعمیر اور ڈیزائن کے بارے میں صوبائی وزیر کو مکمل بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر مواصلات نے کہا کہ یہ سڑک اسلام آباد اور گلیات کے درمیان مختصر ترین راستہ ہے اور اس کے مکمل ہونے سے صوبے میں سیاحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔ جس سے صوبے کو مالی فوائد حاصل ہوں گے اور امن کا گوشوارہ بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر میں جنگلات کی کٹائی سے بھی بچا جائے اور مقامی لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ہر طرح کے نقصانات سے بچا جا سکے۔ اکبر ایوب خان نے ایکسین ایبٹ آباد کو ہدایت جاری کی کہ وہ تین دن کے اندر اندر اس علاقے کا دورہ کریں اور سب سے بہترین روٹ کا انتخاب کیا جائے تاکہ سڑک کی تکمیل پر لوگوں کی آمدورفت کا سب سے پسندیدہ روٹ ہی سڑک ہو۔