کے پی فوڈ اتھارٹی نے آپریشن ضرب ملاوٹ کا دائرہ کار قبائلی اضلاع تک بڑھاتے ہوئے ضلع خیبر کی انتظامیہ کی درخواست پر تحصیل جمرود میں پہلا میگا آپریشن کیا ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر کے مطابق کے پی فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹیوں کیخلاف کریک ڈاون¿ن کو قبائلی علاقوں تک توسیع دیتے ہوئے جمرود میں پہلی کاروائی کی ہے۔ کاروائی کے دوران چالیس سے زیادہ اشیائے خوردونوش کے مقامات کی چیکنگ ہوئی جس میں کیمیکلز و پانی کی ملاوٹ پر ایک ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کردیا گیا جبکہ پکوڑے اور سموسے تلنے والوں سے دو سو لیٹر بدبودار سڑا آئل بھی تلف کردیا گیا۔ ان کا مزید کہناتھا کہ قوانین کی خلاف ورزی و ملاوٹ پر ریسٹورنٹ سمیت پانچ اشیائے خوردونوش کے پانچ مقامات سر بمہر کردئے گئے جبکہ پانچ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر جمرود اکبر افتخار کا کہنا تھا کہ کاروائی ضلعی انتظامیہ کی درخواست اور باہمی تعاون سے کی گئی اورعوا م کو صاف اورمحفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے اس طرح کے مشترکہ کاروائیاں جاری رہینگی۔