خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان سے منگل کے روز ہری پُورکے ایک عوامی نمائندہ وفد نے سابقہ صوبائی وزیر یوسف ایوب خان کی قیادت میں پشاور میں ملاقات کی۔ وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اُن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہری پور کے تمام گلی کوچوں اور انٹر لینکس سڑکوں کی مرمت اور ان کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ہریپور کو ہدایت جاری کی کہ ضلع بھر میں لا اینڈ آرڈر کے مطابق کام کیا جائے تاکہ امن کی فضا قائم رہے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور اِس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہی ہے جس کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئیے گئے ہیں اور ان کی تکمیل سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی اور خوشحالی آئے گی۔ وفد نے صوبائی وزیر کی جانب سے ترقیاتی کاموں اور میرٹ کی سر بلندی کے لئے کئیے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ترقی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔