خیبر پختون خوا حکومت نے نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد صوبے میں بین القوامی یوتھ کارنیوال منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اگلے سال مارچ کے مہینے میں منعقد کیا جائیگا۔اسکے علاوہ حکومت نے 5 بلین روپے کی لاگت سے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔یہ فیصلے سینئر وزیر برائے سیاحت وامور نوجوانان عاطف خان کی زیر صدارت منعقدہ یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن کے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان، یوتھ ڈائریکٹر بحزاد عادل اور یوتھ کے نمائیندے شریک تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے سال مارچ کے مہینے میں بین القوامی یوتھ کارنیوال منعقد کیا جائیگا ۔جسمیں مختلف ممالک کے یوتھ کو مدعو کیا جائیگا، اسکے علاوہ یوتھ کارنیوال میں مدارس کے نوجوانوں اور خصوصی افراد کو بھی بھرپور شرکت دی جائیگی۔ مدارس کے نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لئے بین القوامی یوتھ کارنیوال کے علاوہ الگ یوتھ کارنیوال بھی منعقد کیا جائیگا،سینئر وزیر نے کہا کہ یوتھ کارنیوال کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنا اور آگے بڑھنا ہے، اجلاس میں یوتھ کارنیوال کے علاوہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 5 ارب روپے کی خطیر رقم کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے،جسمیں 3 ارب روپے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو جبکہ 2 ارب روپے صوبے کے باقی اضلاع کے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے دی جائیگی،سینئر وزیر نے کہا کہ منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا اور اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے،موجودہ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے وسیع مواقع فراہم کررہی ہیں۔ اجلاس میں یوتھ کمیونٹی سنٹرز کے قیام کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔