ڈپٹی کمشنر پشاورمحمد علی اصغر نے سبزی و پھلوں کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان کی نگرانی میں سپیشل سکواڈ تشکیل دیاہے۔ سپیشل سکواڈ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت محکمہ خواک کے افسران بھی شامل ہیں۔ سپیشل سکواڈ روزانہ صبح صادق کے وقت سبزی و فروٹ منڈیوں کا دورہ کر کے اپنی نگرانی میں سرکار ی نرخ نامہ جاری کررہا ہے اور بعد میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔ سپیشل سکواڈ کے زریعے منڈیوں کی نگرانی کر نا اور سرکاری نرخ نامہ جاری کرنے کا مقصد ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہے اور مصنوعی گران فروشی پر قابو پانا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمان نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ کے ہمراہ سبزی و پھل منڈی کا دورہ کیا۔انھوں نے بولی کے عمل کی نگرانی کر تے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے تما م ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ پشاور میں سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد کر وایا جائے اور خلاف ورزی کر نے والوں کو جیل منتقل کیا جا ئے۔انھوں نے اس ضمن میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کر تے وقت دکاندار کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق ادائیگی کریں خلاف ورزی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر اطلاع دیں۔ عوامی شکایات پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔