صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد کے ساتھ کلا خیل مائن 41 ضلع خیبر کا دورہ کیا اور گزشتہ دنوں مائن میں پیش آنے والے والے حادثے کے جگہ اور وہاں پر جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا.ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی، پی ٹی آئی رہنما نواز محمود خان، حاجی سدید الرحمان اور ضلعی انتظامیہ بھی صوبائی وزراء کے ہمراہ تھیں۔شوکت یوسفزئی نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے اور سہولیات کی موجودگی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن چار سے پانچ دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور ریسکیو ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مائن میں پیش آنے والے حادثے پر دلی دکھ اور افسوس ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔صوبائی وزراء نے مائن میں پھنسے ہوئے انجنیئر نیک محمد کے ورثاء سے ملاقات کی اور ریسکیو آپریشن کی جلد از جلد کامیابی کے لیے دعا کی۔