سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے پاک وومن نامی تنظیم اور خیبرپختونخواسمبلی کے اشتراک سے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں عوام اور ممبران صوبائی اسمبلی کے مابین رابطے کی موبائل ایپلیکیشن سٹیزن وائس کا افتتاح کیا۔ اس موبائل ایپ میں جن بنیادی نکات کو سامنے رکھا گیا ہے ان میں اسمبلی بزنس جیسے بجٹ کی تفصیلات ،قانون سازی ،اداروں کی کارکردگی کی نگرانی اور اسمبلی اجلاس کی کارروائی بذریعہ Citizen Voiceدیکھناشامل ہے ۔اس ایپ کے ذریعے جہاں ممبران صوبائی اسمبلی اپنی کارکردگی ،قانون سازی وغیرہ دیکھ سکیں گے وہاں عوام اس کے ذریعے اپنے حلقے کے ایم پی اے کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہوں گے اور اپنی تجاویز،شکایات اس ایپ کے ذریعے درج کرواسکیں گے اور ان تجاویز،شکایات وغیرہ کی معلومات ایم پی اے کو فوری مل سکے گی ۔اس طرح ایم پی اے ان تجاویز وشکایات پر جوبھی کارروائی کرے گا اس کی اطلاع عوام کو میسر ہوگی ۔یہاں یہ بات قابل غوراور قابل تعریف ہے کہ سپیکر صوبائی اسمبلی مشتا ق احمد غنی کی باقاعدہ اجازت اور خواہش پر اس ایپ کے ذریعے عوام صوبائی اسمبلی کی اجلاس کی کارروائی میں شرکت کرسکیں گے۔اس موقع پر سپیکر مشتاق غنی نے پاک وومن کی ایگزیکٹیوڈائریکٹرعذراگل کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ موبائل ایپ لانچ ہوا۔اس موقع پر سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی تجاویز وآراء کو خوش آمدید کہنے کیلئے اس قسم کے موبائل ایپ ایک سنگ میل کا کام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی افادیت کو مدنظررکھ کر صوبائی حکومت خاص طورپرصوبائی اسمبلی کی کارکردگی کو پہلی بارعوام کے سامنے رکھاتاکہ عوام کو اپنے منتخب کردہ نمائندوں کی کارکردگی کا اندازہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش پر اس ایپ کو خصوصی طور پر تیارکیا گیا تاکہ ایک تو عوام کو ترقیاتی سکیموں کا پتہ چل سکے کہ ان کے علاقوں کی سکیمیں کس مرحلے میں ہیں اور دوسرا صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔سپیکر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں مروجہ قوانین کے تحت صرف ایم پی اے صاحبان کے پاس پر لوگ اجلاس کی کارروائی دیکھ سکتے تھے مگراب عام شہری بھی اس پروگرام کے تحت درخواست ڈاون لوڈ کرکے اسمبلی پاس حاصل کر سکیں گے اور اسمبلی اجلاس کی کارروائی گیلری میں آکردیکھ سکیں گے ۔سپیکر مشتا ق غنی نے کہا کہ ان کی دیرینہ خواہش ہے کہ یونیورسٹی ،کالجز کے طلباء اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اجلاس کے پاس کے حصول کے مشکل مرحلے سے نہ گزریں اور اس ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست بیھج کر گھر بیٹھے پاس حاصل کر سکیں اور اس طرح عوام کی ایک کثیر تعداد اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کے قابل ہو جائے گی۔