وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان نے صوبائی درالخلافہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پولیس لائنز پشاور میں پولیس سٹی پٹرول رائیڈرز کا باقاعدہ افتتاح کیا جس میں وزیراعلیٰ نے سٹی پٹرولنگ کیلئے 42 موٹر سائیکلز محکمہ پولیس کے حوالے کر دیں ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ سٹی پٹرول رائیڈرز پشاور شہرکی حفاظت کیلئے انتہائی اہم اور سنجیدہ اقدام ہے۔ یہ اقدام پشاور شہر کو محفوظ ترین شہر بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ سٹی پٹرول رائیڈرز کا مقصد خصوصی طور پر سٹریٹ کرائم کاممکنہ حد تک خاتمہ کرنا ہے جس کیلئے رائیڈرز ہر قسم کے سٹریٹ کرائمز پر کڑی نظر رکھیں گے اور پہلی فرصت میں ہی فوری طور پر ریسپانڈ کریں گے جن میں سنیپ چیکنگ ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ پولیس کے اس اقدام سے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ ملے گا جبکہ عوام اور پولیس میں روابط بھی مزید بڑھیں گے ۔ سٹی پٹرول رائیڈرز پوری پلاننگ کے ساتھ شہر کے مختلف پٹرولنگ علاقوں میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ تقریب میں آئی جی پولیس ، سی سی پی او پولیس، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ پٹرول رائیڈرز کیلئے محکمہ پولیس کے 80 سے زیادہ کوالیفائیڈ ایلیٹ فورس اہلکار منتخب کئے گئے ہیں جو صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک پورے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ پٹرول رائیڈرز کیلئے موٹرسائیکلز کی خریداری پر 35 لاکھ روپے جبکہ یونیفارم اور دیگر آلات کی خریداری پر 20 لاکھ روپے تک لاگت آئی ہے جو کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ سے خریدی گئی ہیں۔ پٹرول رائیڈرز میں پہلی دفعہ دو خواتین پولیس اہلکار بھی شامل کی گئی ہیں جو خصوصی طور پر خواتین بازار اور فیملی پارکس میں ڈیوٹی سرانجام دیں گی ۔