خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قبائلی اضلاع کے ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی دستیابی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ضلع خیبر کے جمرود ہسپتال کی مختلف یونٹوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خیبر سے منتخب عوامی نمائندوں سمیت محکمہ صحت کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر صحت نے ضلع خیبر جمرود ہسپتال میں ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سروس ، لیبرروم میں جدید سہولیات، چسٹ او پی ڈی اور ٹی بی کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں مریضوں کا بروقت علاج ہوگا۔ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی توجہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں بہتری لانے اور ہسپتالوں میں عملہ کی کمی کو پورا کرنے پر ہے۔ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرکے بندوبستی علاقوں کے ہسپتالوں کے برابر لائیں گے۔ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں میں جدید سہولیات و مشنری دیکر ماڈل ہیلتھ ہاسپٹل بنائیں گے۔ وزیر صحت نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں میں درپیش مسائل سے اگاہ ہوں اور ان مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرونگاتاکہ قبائلی عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر صحت نے ضلع خیبر میں نشے کے عادی افراد کیلئے ہسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب عوام کیلئے ہسپتالوں میں آسانیاں اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔