خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے پہلے جدید ترین ویکسین سٹوریج فیسیلٹی کا افتتاح جمعرات کے روزکر دیا ہے اس جدید ترین کولڈ چین سٹوریج سے پورے صوبے کی ضروریات پورے ہونگی۔ سٹوریج فیسیلٹی میں بڑی مقدار میں دواؤں کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جس سے دس لاکھ بچوں اور دس لاکھ مائیں مستفید ہونگی۔ گزشتہ سال اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین ( یو این ایچ سی آر)اور محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مابین ایمونائزیش سروسز کی بہتری کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔ سٹوریج فیسیلٹی یو این ایچ سی آر کے تعاون سے صوبائی محکمہ صحت کے حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام کے تحت عمل میں لایا گیا۔ افتتاحی تقریب میں اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین کے اسسٹنٹ ہائی کمشنر آپریشن جارج اکوت اوبو، وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر صحت ڈاکٹر ہشام اللہ خان،وزیر قانون سلطان محمد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبے کی پہلے جدید ترین کولڈ چین سٹوریج فیسیلٹی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر اور دیگر عالمی شراکت داروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام اور صحت کے حوالے سے تمام شراکت داروں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پچھلے پانچ سالہ دور میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ جس سے صحت سہولیات کی فراہمی میں کافی بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے جارج اکوت اوبو نے کہا کہ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے تعاون سے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ویکسین سٹوریج فیسیلٹی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان دو صوبوں میں افغان مہاجرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔اس فیسیلٹی سے جہاں مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا وہی افغان مہاجرین بھی مستفید ہو نگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران عالمی ادارہ برائے مہاجرین نے صحت کے شعبے میں 38ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی ہے۔وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا کہ یواین ایچ سی آر اور دیگر عالمی اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو محفوظ پناہ دی اور یہ عمل آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاکستان کی طرف دی جانیوالی سہولیات کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آج بھی مہاجرین کو تجارت، تعلیم اور ہر قسم کی آزادی حاصل ہے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے کل بجٹ کا 40 فیصد صحت اور تعلیم پر خرچ کرتاہے وزیر خزانہ نے کہا کہ ان اقدامات سے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں بہتری آئے گی اور مل کر ایمونائزیش ریٹ کو سو فیصد تک بڑھانا ہے۔
Home Uncategorized خیبرپختونخوا کے پہلے ویکسین سٹوریج فیسیلٹی کا افتتاح بڑی کامیابی ہے۔وزیرصحت ڈاکٹر...