صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ شیردرہ صوابی کے مسائل سے وہ بخوبی آگاہ ہیں اور یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ علاقے کی ترقی کے لئے کئی منصوبے زیرغور ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل شیردرہ صوابی سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سفور محمد اور امجد خان کی سربراہی میں آنے والے وفد نے صوبائی وزیر کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی استدعا کی۔ اس موقع پر علاقے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے شیردرہ گاؤں کے مسائل بھی بیان کیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وہ یونین کونسل کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے ذاتی طور پر کوششیں کریں گے۔ وزیر بلدیات نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور مکینوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحاً حل کرنا تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔