خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ پشاور میں رنگ روڈ کے غیر تعمیر شدہ حصے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ جس سے شہر میں ٹریفک منیجمنٹ میں آسانی آئے گی اور اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر کے حوالے سے پی ڈی اے اور نیسپاک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، پی ڈی اے افسران، نیسپاک ماہرین اور ورلڈ بینک کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رنگ روڈ کے ورسک روڈ تا ناصر باغ حصے پر شرکاء کو بریفنگ بھی دی ۔ اجلاس میں بتاتا گیا کہ رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر سے جہاں صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک منیجمنٹ میں بہتری آئے گی وہیں اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ رنگ روڈ کا یہ حصہ خیبر اکنامک کوریڈور کے لیے فیڈر روڈ کا کام بھی کرے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ منصوبے پر عملی طور پر کام شروع کرنے کے لیے تمام محکمانہ امور سرعت سے نمٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کو مکمل کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔