خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ضلع پشاور کی تعمیر اور ترقی کے لئے ماسٹر پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے تحت صوبائی دارلحکومت کو جدید سہولیات پر مشتمل شہر بنایا جائیگا۔ریگی ماڈل ٹاؤن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بہت جلد ریگی ماڈل ٹاؤن کا دورہ کریں گے۔ جہاں پر ان کو تمام تر صورتحال سے مکمل طور پرآگاہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نیابت PK-73 کے نمائندہ وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد جس کی قیادت سابقہ ڈسٹرکٹ ممبر بشیر اورکزئی کررہے تھے، میں ریگی ماڈل ٹاؤن،حیات آباد ٹاؤن شپ اور PK-73 کی مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی شامل تھے۔وفد نے وزیر خزانہ کو ریگی ماڈل ٹاؤن شپ میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بشیر اور کزئی نے حیات آباد میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے سے وہاں کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مال بردار گاڑیوں کے داخلے کی وجہ سے جہاں حیات آباد میں ٹریفک مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اوروہاں حادثات رونما ہونے کے علاوہ بھاری گاڑیوں کی آمد ورفت سے سڑکوں کی حالت خراب ہونے سمیت آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔وزیر خزانہ نے حیات میں بڑی گاڑیوں کے داخلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی طرح عوامی مسائل پرسیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے ،انہوں نے ریگی ماڈل ٹاؤن کے مسائل کے حل کے حوالے سے وفد کو بتایا کہ ماضی میں اس جدید رہائشی بستی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی لیکن موجودہ حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گی اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جلد وہاں کا دورہ کریں گے ۔وفد نے ان کے مسائل کو غور سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔