زیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی زیرصدارت شہری سہولت مراکز کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس بدھ کو سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ خیبرپختونخوا انفامیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سربراہ شہباز خان نے مذکورہ پراجیکٹس پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری سہولت مراکز میں ایک چھت تلے شہریوں کو بنیادی ضروریات مہیا کی جا سکیں گی جس سے بہترین طرز حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اس سے کرپشن، اقرباء پروری اور بغیر وقت کے ضیاع کے عوامی خدمت میں بہتری آئے گی۔ شہری سہولت مراکز کے قیام سے شہریوں کو ایک دفتر سے دوسرے دفتر تک جانے سے چھٹکارا مل جائے گا ۔ اسلحہ لائسنس، ڈومیسائل، ٹیکس جمع کرانے جیسے دیگر کئی سہولیات ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری سہولت مراکز پر کام کو مزید تیز کیا جائے جبکہ سرکاری محکمہ جات کے ساتھ بھی رابطے تیز کئے جائیں تاکہ عوام کو ہر محکمے کی خدمات بروقت اور ایک چھت تلے دئیے جائیں۔ یقینا اس عمل میں وقت لگے گا لیکن اس سے دیرپا سہولت میسر ہوگی جو وزیراعظم عمران خان کا وژن بھی ہے۔