سینئر صوبائی وزیر کھیل وثقافت محمد عاطف خان اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 15ملین روپے کی لاگت سے ہاتھیان شیر گڑھ میں بننے والے سپورٹس گراؤنڈ اور بیڈ منٹن ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومت میں مجھے تعلیم کا محکمہ سونپا گیا، جس کو فعال بنانے کے لئے انتھک محنت کی اور اب سپورٹس کا محکمہ دیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کے لئے صوبے بھر میں ایک ہزار گراؤنڈز بنا رہے ہیں۔ جس پر 5 – ارب سے زائد روپے خرچ ہورہے ہیں۔ صوبے میں 10 نومبر سے 10 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے جس پر 18 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں گیمز میں خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دی گئی ہے سینئر وزیر نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں کافی صلاحیت موجود ہے اور حکومت انکو بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے۔وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کھلاڑی رہ چکے ہیں اور کھیلوں کے فروغ کے لئے سنجیدہ ہیں جبکہ کھیلوں کے علاوہ نوجوانوں کو معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے کامیاب جوان کے نام سے پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔