خیبرپختونخوااسمبلی میں آج ورلڈ پولیوڈے کی مناسبت سے سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتا ق احمد غنی کی زیرقیادت ایک علامتی واک کی گئی جس میں ممبران صوبائی اسمبلی اور سیکرٹریٹ سٹاف نے شرکت کی ۔ آگاہی مہم کے تحت کی جانے والی واک کے شرکاء کے ہمراہ سپیکر مشتا ق احمد غنی نے میڈیا نمائندگان کے ذریعے صوبے کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیاسے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان سے پولیوکا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہو سکا اور اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پولیوقطرہ پلاؤمہم کے خلاف ایک مذموم ایجنڈے کے تحت پراپیگنڈ ہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ اس واک کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم پولیوکی بیماری کو ختم کرنے کے خلاف اس جہاد میں شریک ہیں ۔ہماری حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو مکمل طور پر پولیوفری کر دیا جائے ۔یہ نہ صرف اس صوبے اور پاکستان کیلئے ضروری ہے بلکہ بین الاقوامی ضرورت بھی ہے ۔ہم ان ممالک کی صف میں شامل ہونا چاہتے ہیں جوپولیوسے پاک ہیں۔یہ علامتی واک جس میں ہمارے ممبران صوبائی اسمبلی شریک ہیں اس سے ہم صوبے کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی مضرصحت چیز نہیں ہے آپ کے بچوں کی صحت اور زندگی کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔خدارا اس غلط اور گمراہ کن پراپیگنڈے کا بائیکاٹ کریں اور اس مہم میں بھر پورکردارادا کریں ۔انہوں نے تمام ممبران صوبائی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نکلیں اور لوگوں کو راضی کریں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیوکے قطرے پلائیں اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں اپنا فرض ادا کریں ۔انہوں نے اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیوٹیموں کے ان تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس مہم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے تما م بین الاقوامی ایجنسیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مہم میں حکومت پاکستان کی ہر پلیٹ فام پرہرممکن مدد کی۔