خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت ولائیو اسٹاک محب اللہ خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زمینداروں اور کسانوں کو زرعی پیداوار بڑھانے گندم، چاول ، گنے اور دیگر اشیاء میں صوبے کو خود کفالت کی جانب گامزن کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں محکمہ زراعت لائیواسٹاک کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2019-20کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک محمد اسرار خان، زراعت، لائیواسٹاک ،ماہی پروری، سائل کنزرویشن، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ زمینداروں کو اچھی قسم کے تخم فراہم کیے جائیں نیز انہیں جدید زرعی آلات کے استعمال کرنے کے لیے تربیت فراہم کی جائے صوبائی وزیر نے زرعی یونیورسٹی سوات میں جنوری 2020 سے باقاعدہ کلاسیں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ زراعت کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور نئے منصوبوں کا جلد آغاز کیا جائے جبکہ ضم شدہ اضلاع کی مختلف سکیموں کی تکمیل کے حوالے سے بھی غوروخوض ہوا ۔