خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنگلی حیات کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ناصرف غیرقانونی شکار اور تجارت کا سدباب ممکن ہو بلکہ ماحولیاتی نظام میں خوبصورتی بھی بر قرار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں موٹر وے پر قیمتی پرندوں سیکر شاہین پیرا گرین کو کھلی فضا میں چھوڑنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پر ممبر صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد،سیکرٹری فارسٹ شاہد اللہ،چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف محسن فاروق، کنزرویٹر لائف محمدعلی،ڈی ایف او محمد اسرار اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ قدرتی وسائل خوبصورت جنگلات اور قیمتی جنگلی حیات کا مسکن ہے۔یہاں انتہائی قیمتی اور خوبصورت پرندے ہمارے مہمان ہوتے ہیں لہذا انہیں تکالیف نہیں دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ پرندے وسطی ایشیا کے ممالک سے سردیوں کے موسم میں ہجرت کر کے یہاں پشاور کوہاٹ ڈی آئی خان اور بنو جیسے علاقوں میں سکونت اختیار کرتے ہیں مگر گرمیوں کے موسم میں یہاں رہنا پسند نہیں کرتے اور واپس سرد ممالک کی جانب ہجرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی شکار یا تجارت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ مہمان پرندوں کو بھرپور تحفظ دیں گے تاکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں مزید خوبصورتی میں اضافہ ہو سکے بعد ازاں صوبائی وزیر اور ممبر صوبائی اسمبلی نے قیمتی پرندے فضا میں چھوڑ دیئے۔