صوابی کی یونین کونسلز یار حسین شرقی و غربی کے عوام کو درپیش مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے جبکہ یونین کونسل میں سڑکوں کی تعمیر، گیس کی فراہمی، ہسپتال میں سہولیات اور ڈاکٹرز کی تعیناتی اور بجلی فراہمی کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے یونین کونسلز یار حسین شرقی و غربی کے مشران، عمائدین اور پارٹی کارکنان کے بڑے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایاز تاج آباد، حاجی اسرار خان، صدر یوتھ ونگ رزڑ ایاز خان، حاجی بنارس، جنرل سیکرٹریز آصف علی اور اکرام اللہ کی سربراہی میں آنے والے بڑے وفد نے وزیر بلدیات کو علاقے کے جملہ مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات، گیس اور محکمہ صحت کے حکام نے بھی شرکت کی۔ سی اینڈ ڈبلیو حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ادینہ تا یار حسین روڈ کے دونوں اطراف ڈرینج بنائی جائے گی جبکہ بازار میں سڑک کی تین تہیں ہوں گی جس کا مقصد اسے پائیدار اور دیرپا بنانا ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ روڈ کی ڈرینج کا لیول ملحقہ علاقوں کے نالوں سے کم رکھا جائے تاکہ پانی آبادی میں نہ رکے۔ محکمہ گیس کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ موٹروے تا ادینہ 8 انچ قطر کی 22 کلومیٹر ہائی پریشر گیس ٹرانسمشن لائن بچھائی جا رہی ہے جس سے نہ صرف ایک بڑے علاقے کو گیس فراہم کی جائے گی بلکہ کئی دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت نے کیٹیگری ڈی ہسپتال یار حسین میں مزید 2 ڈاکٹرز کی تعیناتی کی یقین دہانی کرائی جبکہ ہسپتال کو دن رات کھلا رکھنے کے لیے اقدامات سمیت ہسپتال کا خود دورہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ہسپتال کے ایمرجنسی اور گائنی ڈیپارٹمنٹس سمیت تمام شعبہ جات کو فعال بنایا جائے اور تمام عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ عوامی مفاد اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یار حسین ہسپتال میں رات کو بھی ڈاکٹرز ڈیوٹی لگائی جائے۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جلد صوابی کے گرڈ اسٹیشن کو آپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ یونین کونسلز یار حسین شرقی و غربی کے بجلی سے متعلق مسائل بھی جلد حل کر لیے جائیں گے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وہ ان یونین کونسلز کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کو حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا اور انہیں سہولیات بہم پہنچانا تحریک انصاف کے منشور کا حصّہ ہے جس پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مشران نے وقت دینے اور مسائل کے حل پر سنجیدگی سے غور کرنے پر وزیر بلدیات کا شکریہ ادا کیا۔