وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اراکین صوبائی اسمبلی شفیع اللہ اور ہمایون خان کی سربراہی میں لوئردیر کے کثیر رکنی نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوامی مسائل کے ازالے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر وفد کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے چکدرہ سے چترال روڈ کے لئے لون فنڈ کی اصولی منظوری دیدی ہے جو چکدرہ ، دیر اور چترال کے عوام کے لئے خوش آئند ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ تیمر گرہ بازار کی خوبصورتی کے پلان پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا ، اور تالاش بائی پاس کو رورل روڈز پروگرام کے تحت تعمیر کیا جائیگا ۔ انہوں نے بالم بٹ میں سپورٹس گراو¿نڈ اور فیملی پارک کی تعمیر کی تجویز سے اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی اور کہا کہ اگر زمین فراہم کی گئی تو ان منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مسئلہ زمین کا ہے ، اگر علاقے کے عوام زمین کی فراہمی یقینی بنائے تو صوبائی حکومت انڈسٹریل سٹیٹ اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پالم واٹرسپلائی سکیم بھی منظوری اور عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی ہے ، جس سے پانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔وفد نے مسائل کے حل کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی عام آدمی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔