وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان کی زیرنگرانی ملاوٹ مافیا کیخلاف سرگرم کریک ڈاون جاری ہے۔ فوڈ اتھارٹی ٹیمز نے اتوار کو عوامی شکایات پر چارسدہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے گُڑ میں ملاوٹ کرنے والے گھانیوں پر چھاپے مارے جس کے دوران گُڑ میں چینی اور رنگ کاٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی سہیل خان کا کہنا ہے کہ گُڑ جیسی دیسی پروڈکٹ میں بھی ملاوٹ کا انکشاف تشویشناک ہے جس پر وزیراعلٰی محمود خان کی ہدایت پر کریک ڈاون جاری ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے کریک ڈاون کی تفصٰلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ چارسدہ میں گُڑ بنانے والی آٹھ گھانیوں کا معائنہ کیا گیااور گُڑ میں چینی اور رنگ کاٹ کے ملاوٹ پر پانچ گانیاں سیل کی گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چار ہزار کلوگرام مضر صحت گُڑ بھی قبضے میں لے لیا گیا جبکہ گُڑ میں ملانے والا چھ ہزار کلوگرام چینی بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عظمت کا یہ بھی کہنا تھا کہ سو کلوگرام رنگ کاٹ بھی موقع پر تلف کیا گیا ہے اور ملاوٹ کرنے پر چھ افراد گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت حاصل تھی۔