خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں درپیش تمام رکاوٹیں بہت جلد ختم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر قانون نے بدھ کے روز وائس چانسلر باچاخان یونیورسٹی ایس ایم ثقلین نقوی اور ڈائریکٹر پی این ڈی ڈاکٹر اکبر شاہ مہمند سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔دریں اثناء وائس چانسلر نے وزیر قانون کو یونیورسٹی میں جاری تعمیراتی کام اور دیگر پروجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے وزیر موصوف کو مالی مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔جس پر سلطان محمد خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائنگے۔ انہوں نے باچا خان یونیورسٹی کے تمام مسائل بہت جلد ترجیحی بنیادوں پر حل کراتے ہوئے کہا کہ باچا یونیورسٹی کو عالمی معیار کی یونیور سٹی میں شامل کریں گے اور اس سلسلے میں پراگریس رپورٹ کا ہر ہفتے وی سی کے ساتھ جائزہ لیا جائیگا۔