خیبرپختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر تعمیر عمارت کو ہر لحاظ سے ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے اور ان کو مریضوں کیلئے کھول دیا جائے تاکہ خیبرپختونخوا کے صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی رونما ہو سکے اور لوگوں کو علاج معالج کے بہترین سہولیات میسر ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مختلف وارڈز پر مشتمل زیرتعمیرعمارت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر محمد شہاب خٹک، چیف انجنیئر سنٹر محمد ایوب خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد نواز، میڈیکل ڈائریکٹر ایل آر ایچ اور دیگر احکام موجود تھے۔میڈیکل ڈائریکٹر ایل آر ایچ نے زیرتعمیرعمارت پر وزیر مواصلات کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر مواصلات نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جملہ عمارت میں تمام کمی بیشی کو قانونی تقاضوں کے مطابق پورا کیا جائے اور عمارت میں موجود آپریشن تھیٹر کو مکمل کر کے حتمی شکل دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ عمارت کی تعمیر میں اعلی کوالٹی میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور دیگر معیاری ہسپتالوں کی ڈیزائن پر طرز تعمیر کی جائے تاکہ اس کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ موجودہ دور حکومت صحت سہولیات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اس زمرے میں کئی اہم منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کے تعمیر سے لوگوں کو بہترین صحت سہولیات مل سکیں ینگے۔