وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبے بھر کے مزید سو فیڈر چوری سے پاک کردیئے جائیں گے اور خیبرپختونخوا کے ہر گھر تک بجلی کی رسائی ممکن ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے وفاقی وزیر برائے پاور و پیٹرولیم جناب عمر ایوب خان کے ساتھ ملاقات میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا، مشیر توانائی حمایت اللہ خان، جہانگیرخان ترین، سیکریٹری پاورڈویژن، سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پاور و پیٹرولیم جناب عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بجلی اور گیس کے اہم منصوبے شروع کیے گئے ہیں وفاقی وزیر جناب عمر ایوب خان نے بجلی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے بجلی اور گیس سے متعلق معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے خیبر پختونخواہ میں صنعتوں اور کاروبار کے فروغ کیلئے بجلی، گیس اور پیٹرولیم کے شعبے کی طرف سے بھر پور تعاون اور تمام تر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ قومی نظام میں وافر مقدار میں بجلی موجود ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ علاقوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کریں۔انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں بھر پور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف پاور ڈویژن کا بھر پور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت پیسکوکو ہر طرح کا تعاون مہیا کر رہی ہے۔