وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے میں آئی ٹی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے لئے ماحول بہترین ہے ۔ سرمایہ کار جہاں کہیں چاہیں صوبے میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ کیونکہ بہترین افرادی قوت سمیت دیگر تمام سہولیات اس وقت صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے بن رفیع ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹیو عطاء اللہ سے پیر کو سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بن رفیع ٹیلی کام کے سی ای او نے کامران بنگش کو خیبرپختونخوا میں کئے گئے سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی معاون خصوصی کامران بنگش نے کہاکہ خیبرپختونخوا اس وقت پورے پاکستان میں آئی ٹی کے حوالے سے آگے ہے۔ سرمایہ کار صوبے میں جہاں چاہیں سرمایہ دوست سسٹم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ جبکہ صوبے میں کاروبار کے طریقہ کار کو آسان اور سہل بنانے پر کام کررہے ہیں جہاں کہیں کسی سرمایہ کار کو کوئی مشکل درپیش ہو یا انتظامی امور کے حوالے سے کوئی شکایت رکھتا ہو تو وہ براہ راست محکمہ سائنس و آئی ٹی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ہی سالوں میں صوبہ آئی ٹی کے حوالے خودکفیل ہوگا جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی معیشت میں خاطرخواہ بہتری بھی آئے گی۔