خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ بزرگ افراد ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں بزرگ افراد خوشحال ہوں گے تو معاشرہ خوشحال ہو گا صوبائی حکومت جنوری 2020 تک صوبے کے تمام بزرگ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ سینئر سٹیزن ایکٹ 2014 کے مطابق صوبے میں بزرگ افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزرگوں کے عالمی دن کے موقع پر یونین کونسل ریگی پشاورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام فلاحی تنظیم یوسفزئی ویلفیئر آرگنائزیشن نے کیا تھااس موقع پر علاقے سے تعلق رکھنے والے معمر افراد ،علاقہ عمائدین اور یوسفزئی ویلفیئر آرگنائزیشن کے عہدیداران تقریب میں شریک تھے اس موقع پر وزیر خزانہ کو بزرگ شہریوں نے انہیں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا وزیر خزانہ تیمور سلیم نے معمر افراد کے مسائل غور سے سنے اور انہیں بھرپور یقین دلایا کہ حکومت سینئر سٹیزن ایکٹ 2014 کے تحت بزرگ افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی انہوں نے کہا کہ جنوری 2020 تک صوبے کے تمام لوگوں اور بالخصوص بزرگ افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ بزرگ شہری معاشرہ کا اہم حصہ ہیں اور معاشرے کے ہر فرد کو ان کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دن کی بات نہیں کہ بزرگوں کا عالمی دن منایا جائے بلکہ حکومت کی جانب سے ان کے حقوق کے لئے بنانے گئے قوانین پر مستقل عمل در آمد ہونا چاہئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ہم اگر ایک آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں تو یہ اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوا ہے۔